November 25, 2020

Trend TV

Better Informed Today

بھارت کی دہشتگردی کے ثبوت پاکستان نے پانچ اہم ممالک کو دے دیے

بھارت کی دہشتگردی کے ثبوت پاکستان نے پانچ اہم ممالک کو دے دیے

اسلام آباد(ٹرینڈ ٹی وی آن لائن) اسلام کے ازلی دشمن بھارت کی دہشت گردی کے ثبوت پاکستان نے پانچ اہم ممالک کو دے دیے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل رکن ممالک امریکا ، چین ، فرانس ، برطانیہ اور روس کے سامنے ثبوت رکھ دیئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک کے سفیروں کو ثبوتوں پر مبنی ڈوزیئر دے دیا گیا، اور انہیں بتایا گیا ہے کہ بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کیلئے دہشت گردی کرا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بریفنگ میں روس ، امریکہ ، فرانس ، برطانیہ اور چین کے سفرا موجود تھے۔ سفیروں کو پاکستان کیخلاف بھارتی دہشت گردی کے ثبوتوں پر مبنی ڈوزئیر بھی دیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ بھارتی مہم جوئی اور اقدامات سے امن کو خطرات لاحق ہیں۔

ادھر سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ وزیرخارجہ اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس میں پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث را کے کردار کے بارے میں بریفنگ دی گئی، انہوں نے کہا کہ بریفنگ میں را سے ایم کیوایم تعلقات کا ذکر آیا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج اس منصوبے کی بقایا جات ایم کیوایم کو حکومت نے خود زندہ رکھا ہے،

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے الزام عائد کیا کہ خالد مقبول صدیقی الطاف حسین کی ہدایت پر بھارت گئے، بھارتی میڈیا کے سامنے پاکستانی پاسپورٹ پھاڑا اور را کی مدد سے بھارتی پاسپورٹ پر 2000ء میں امریکہ گئے اور پھر وہاں جعلی دستاویزات پر گرفتار ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ خالد مقبول 13 سال بعد پاکستان آکر وفاقی وزیر بن گئے۔ سربراہ پی ایس پی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے را کے ساتھ مل کر ملک کو بہت نقصان پہنچایا اس لیے حکومت ان غداروں سے سختی سے نمٹے۔