Jan 17, 2021 | 8:41 AM

Trend TV

Better Informed Today

حمزہ شہباز کیس میں سامنے آنے والے حقائق شرمناک

سپریم کورٹ : حمزہ شہباز کیس میں سامنے آنے والے حقائق شرمناک قرار

حمزہ شہباز کا ٹرائل کب تک مکمل ہوگا؟ احتساب عدالت سے جواب طلب کرلیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنماء حمزہ شہباز کیس میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے ریمارکس دیے ہیں کہ اس مقدمے میں جو حقائق سامنے آئے ہیں وہ شرمناک ہیں ، حمزہ شہباز کا ٹرائل کب تک مکمل ہوگا؟ احتساب عدالت سے جواب طلب کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی ، اس دوران مسلم لیگ ن کے رہنماء کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حمزہ شہباز ایک سال سات ماہ سے جیل میں ہیں ، کئی مقدمات تو 2003 سے چل رہے ، عدالت حمزہ کو ضمانت دے تاکہ مقدمہ چلانے میں سہولت مل سکے۔
جس پر جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ میرٹ پر بات نہ کریں تو بہتر ہے ، کیس میں جو حقائق سامنے آئے ہیں وہ شرمناک ہیں، ٹرائل کی سطح پر کوئی آبزرویشن نہیں دینا چاہتے۔
بتایا گیا ہے کہ اس دوران سپریم کورٹ کے جج جسٹس یحیحی آفریدی نے ریمارکس دیے کہ حمزہ شہباز کیس چلنے پر مطمئن ہیں تو کیا مسئلہ ہے؟ ٹرائل مکمل ہونے تک ملزم کو جیل میں رکھنا بھی مناسب نہیں، یہ بھی اچھا نہیں کہ پرانے مقدمات چھوڑ کر نئے کیسز پہلے چلائے جائیں ، جو ملزم پیش نہ ہو نیب اس کی ضمانت منسوخی کیلئے رجوع کرے۔

جس پر نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ ملک بھر میں 30 نئی احتساب عدالتیں بن رہی ہیں ، نئی عدالتوں کے قیام سے مقدمات کا بوجھ تقسیم ہوگا ، ایک دن میں پانچ سے دس گواہان کے بیانات ریکارڈ ہوتے ہیں۔ کیس کی سماعت کے دوران جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ پہلے احتساب عدالت کی رپورٹ آنے دیں جس سے یہ معلوم ہو سکے گا کہ ٹرائل کب تک مکمل ہوگا ، بعد ازاں عدالت کی طرف سے کیس کی مزید سماعت 2 ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔