Mar 3, 2021 | 6:36 AM

Trend TV

Better Informed Today

گمراہ کن تفصیلات کی روک تھام کیلئے ٹویٹر نے برڈ واچ تشکیل دیدیا

نیویارک: ٹویٹر نے ایک کمیونٹی فورم برڈ واچ تشکیل دیا ہے جو اس سوشل میڈیا نیٹ ورک میں گمراہ کن تفصیلات کی روک تھام کیلئے بنایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ فورم ٹویٹر صارفین کو ٹویٹس میں موجود ایسی تفصیلات کی نشاندہی کرنے میں مدد فراہم کرے گا جو ان کی نظر میں گمراہ کن ہو گی اور ان میں مددگار نوٹس کا اضافہ کیا جا سکے گا۔ ٹویٹر نے ایک بلاگ پوسٹ میں اس نئے فورم کا اعلان کرتے ہوئے اس کا مقصد بیان کیا۔ ٹویٹر کے پراڈکٹ سیکشن کے نائب صدر کیتھ کولمین نے بلاگ میں کہا ہمارا ماننا ہے کہ اس طریقہ کار سے ہمیں گمراہ کن تفصیلات کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے فوری ردعمل کا موقع مل سکے گا، جبکہ ان تفصیلات میں مستند اور قابل اعتبار ذرائع کا اضافہ کیا جا سکے گا۔ واضح رہے کہ فیس بک کی طرح ٹویٹر کو بھی گمراہ کن تفصیلات کے پھیلاؤ میں روک تھام میں ناکامی پر شدید تنقید کا سامنا ہوتا ہے۔ خاص طور پر عالمی وبا اور انتخابات کے حوالے سے۔

ٹویٹر کی جانب سے مشتبہ ٹویٹس پر لیبلز کا اضافہ کیا جاتا ہے یا ڈیلیٹ کر دیا جاتا ہے ، تاہم اکثر اس میں اتنی تاخیر ہو جاتی ہے کہ وہ تفصیلات وائرل ہو کر پھیل جاتی ہیں۔

یاد رہے کہ فیس بک کے برعکس ٹویٹر نے کسی خود مختار فیکٹ چیکر کے ساتھ اشتراک نہیں کیا ہے بلکہ خود جھوٹی خبروں اور گمراہ کن تفصیلات پر مبنی ٹویٹس کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔